کشمیر سب سے اہم مسئلہ‘ حل ناگزیر ہے: چودھری سرور
لاہور( خصوصی نامہ نگار)نامزد گور نر پنجاب سینیٹر چوہدری محمدسرورنے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر خطے کا سب سے اہم ایشوز ہے اسکو حل کر نا ہوگا‘ ہم بھارت سمیت تمام ہمسائیہ ملک سے پرامن تعلقات کے حامی ہیں مگر پاکستان کے مفادات پر سمجھوتہ کر نے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ وہ اتوار کے روز لاہور میں بھارتی پنجاب کے وزیر اور سابق کر کٹرناجوت سنگھ سدھو کے اعزاز میں ناشتہ کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پرنامزد گور نر پنجاب سینیٹر چوہدری محمدسروراور بھارتی پنجاب کے صوبائی وزیر ناجوت سنگھ سدھو کے درمیان پاک بھارت تعلقات سمیت دیگر ایشوز کے حوالے سے بات چیت کی گئی اور ناجوت سنگھ سندھو نے پاکستان میں بھر پور مہمان نوازی پر چوہدری محمدسرور اور تحر یک انصاف کی قیادت کا بھی شکریہ بھی ادا کیا ہے ۔ نامزد گور نر پنجاب سینیٹر چوہدری محمدسرورنے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن ومحبت اور بھائی چارے کی بات کی ہے اور پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیں دیں ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ پوری دنیا میں امن وترقی اور خوشحالی آئے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کہہ چکے ہیں کہ امن اور مسائل کے حل کیلئے بھارت ایک قدم آگے آئیگا تو ہم دو قدم آگے آئیں گے۔