سنت ابراہیمی ؑکی ادائیگی قرب خداوندی کا اہم ذریعہ ہے:ڈاکٹرراغب نعیمی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرمفتی محمد راغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ جامعہ نعیمیہ میںامسال300سے زائدجانورقربان کئے جائیں گے جن میں گائے،بیل اوراونٹ شامل ہیں،اجتماعی قربانی کاعمل 3روز تک جاری رہے گا۔قربانی کی کھال کاسب سے صحیح ترین مصرف مدارس دینیہ اورغریب وفقراء ہیں۔ان خیالات کااظہا ر انہوں نے جامعہ نعیمیہ میں انتظامی کمیٹیوں کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ سنت ابراہیمی ؑکی ادائیگی قرب خداوندی کاایک اہم ذریعہ ہے ، عیدقربان مسلمانوںکے لئے ناصرف منفردحیثیت کی حامل ہے،بلکہ اسلامی اقداراورروایات کی عکاس بھی کرتی ہے۔عیدقربان کی خوشیوں میںمعاشرے کے محروم طبقات کوشامل کرنا ہمارا اخلاقی اوردینی فریضہ ہے،شہری قربانی کی کھال کسی ایسی تنظیم کونہ دیں جس حکومت کالعدم قراردے چکی ہے۔