عید اجتماعات کو تھری لیئر سکیورٹی فراہم کی جائے: کلیم امام
لاہور(سٹاف رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر صوبہ کی تمام حساس مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عید اجتماعات کو تھری لئیر سیکیورٹی فراہم کی جائے ، اے کیٹیگری کی مساجداور امام بارگاہوں کی چھتوں پر سنائپرز جبکہ عید اجتماعات کے اندر سادہ لباس میں کمانڈوز کو لازمی تعینات کیا جائے جبکہ سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز، ڈی پی اوزاور سی پی اوز اپنے ریجنز اور اضلاع میں عید سیکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی یقینی بنائیں ۔قربانی کی کھالوں جمع کرنے کے حوالے سے حکومتی احکامات پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے ۔ یہ ہدایات انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں عید الاضحی کے مجموعی سیکیورٹی پلان کاجائزہ لینے کے دوران سینئر پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے جاری کیں ۔اجلاس میں اے آئی جی آپریشنز عمران محمود نے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عیدقربان کے موقع پر صوبے کی 23503مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عید اجتماعات کی سیکیورٹی کیلئے 48605افسران واہلکار سیکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے ۔جن میں سینئرافسران سے لے کر کانسٹیبل رینک تک کے اہلکار، پولیس قومی رضا کار اور سپیشل پولیس کے اہلکار شامل ہیں جبکہ کوئیک رسپانس فورس کی 245ٹیمیں بھی ڈیوٹی پر مامور رہیں گی ۔ نماز عید کی سیکیورٹی کیلئے 1575سی سی ٹی وی کیمرے، 11007میٹل ڈٹیکٹراور162واک تھرو گیٹس بھی استعمال کئے جائیں گے۔ دوران اجلاس آئی جی پنجاب نے ہدایات دیتے ہوئے مزید کہا کہ عید سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور تمام افسران واہلکار ہائی الرٹ ہوکر پیشہ ورانہ فرائض ادا کریں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں۔