گھریلو جھگڑے، عید پر کپڑے نہ ملنے پر 3خواتین سمیت 4افراد کی خودکشی
قصور/ ننکانہ (نامہ نگاران، نمائندگان) 3 بچوں کی ماں نے بچوں کو عید پر کپڑے نہ ملنے پر خودکشی کر لی جبکہ گوجرہ میں لڑکی تالاب میں کود گئی جبکہ ننکانہ میں شادی شدہ خاتون نے زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ سرگودھا کے رہائشی محمد الیاس کی بیوی نے اپنے شوہر سے عید کیلئے بچوں کے کپڑے دلوانے کیلئے کہا انکار پر دونوں میں جھگڑا کھڑا ہو گیا جس پر طیش میں آ کر خاتون نے خودکشی کر لی۔ متوفیہ تین بچوں کی ماں تھی، جسے پولیس کی طرف سے ضروری کارروائی کے بعد ورثاءنے مقامی قبرستان میں سپردخاک کر دیا ہے۔ گوجرہ سے نامہ نگار کے مطابق عبداللہ کالونی گوجرہ کے محمد امین کی 16 سالہ بیٹی عائشہ نے ڈجکوٹ روڈ پر واٹر ورکس کے تالاب میں چھلانگ لگا دی جس کے نتیجہ میں وہ جاں بحق ہو گئی۔ ننکانہ سے نامہ نگار کے مطابق گھریلو جھگڑے سے دلبرداشتہ شادی شدہ خاتون ناہید اختر کا گھر میں معمولی معمولی باتوں پر جھگڑا ہوا جس سے دلبرداشتہ ہو کر اس نے گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں۔ دریں اثناءقصور سے نامہ نگار کے مطابق اڈہ شیخم میں ایک شخص نے خود کو گولی مارکر خودکشی کرلی۔ مرزا شبیر احمد کی فرنیچر کی دکان تھی اور ان دنوں وہ کافی پریشان رہتا تھا۔