20 فیصد حصہ سیلاب میں ڈوبا ہے‘ 70 فیصد پل اور سڑکیں تباہ ہو گئیں‘ یہ بڑا چیلنج ہے‘ مفادات سے بالاتر ہو کر کام کرنا ہو گا: شاہ محمود
نیویارک (مانیٹرنگ نیوز +ایجنسیاں) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب کی صورتحال کے دوران اب تک امریکہ نے سب سے زیادہ مدد کی ہے، سیلاب زدگان کی امداد کےلئے سیاسی مفادات سے بالا تر ہوکر کام کرنا ہوگا ، یہ وقت الزام تراشیوں کا نہیں۔ امدادی سرگرمیاں اقوام متحدہ کے زیر نگرانی ہورہی ہیں۔ اگر لوگوں کو حکومت پر بھروسہ نہیں تو انہیں جس تنظیم پر اعتماد ہے اس کے ذریعے سیلاب زدگان کی مدد کریں۔ امریکہ مےں مقیم پاکستانی سیلاب زدہ ہم وطن بھائیوں، بہنوں کی دل کھول کر امداد کریں اور آگے آئیں، مشکل کی گھڑی مےں پاکستانی بھائیوں کی امداد مددگار ثابت ہوگی۔ گزشتہ روزیہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں پاکستانی قونصل خانوں اور مشنز کو کہا گیا ہے کہ وہ بیرون ملک پاکستانیوں سے رابطے کر کے زیادہ سے زیادہ امداد جمع کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں ان علاقوں میں زیادہ ہوئی ہیں جہاں پہلے ہی فوجی آپریشن جاری تھے اور حکومت اس بات سے غافل نہیں ہے کہ گزشتہ دو برسوں میں شدت پسندوں کے خلاف جو کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں انہیں بچانے کی ضرورت ہے۔ متاثرین کو ملنے والی امداد کی شفاف انداز مےں تقسیم یقینی بنائینگے، 2005ءکے زلزلے کے دوران دیکھے جانے والے جذبہ کو دہرانے کی ضرورت ہے 35لاکھ بچوں کو پانی سے لگنے والی بیماریوں کے خدشات لاحق ہےں آئندہ خوراک کی سلامتی کے خطرات درپیش ہونگے۔