تحقیق ‘تربیت میں باہمی تعاون‘تنزانیہ وفد کا دورہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی

Apr 20, 2025

کراچی (اسٹاف رپورٹر)تنزانیہ کاٹن بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ایم سی متونگا کی قیادت میں تنزانیہ کے ایک اعلی سطح وفد نے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)، جامعہ کراچی کا دورہ کیا تاکہ تحقیق اور تربیت میں باہمی تعاون کے مواقع تلاش کیے جا سکیں۔آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ایم رضا شاہ اور دیگرآفیشل نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ چار رکنی تنزانی وفد نے آئی سی سی بی ایس کے سربراہ پروفیسر رضا شاہ اورادارے کی تحقیقی فیکلٹی بشمول ڈاکٹر عبدالجبار اور ڈاکٹر مجیب سے تفصیلی ملاقاتیں کیں۔ ملاقات کے دوران جناب متونگا نے آئی سی سی بی ایس اور تنزانیہ کاٹن بورڈ کے درمیان مضبوط شراکت داری کے قیام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ گفتگو میں کاٹن اور ٹیکسٹائل سائنسز میں مشترکہ تحقیقی منصوبوں، مشترکہ فنڈنگ کے مواقع اور علم کے تبادلے کے طریقہ کار پر بات چیت کی گئی۔ تنزانی آفیشل متونگا نے کہا کہ وہ خاص طور پر ٹیکسٹائل انڈسٹری میں تنزانی محققین اور پیشہ ور افراد کی استعداد کار بڑھانے اور تربیتی پروگرامز میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انھوں نے جدت اور علاقائی ترقی کی اہمیت پر زور دیا اور سائنسی ترقی کے فروغ میں آئی سی سی بی ایس کے کردار کو سراہا۔ پروفیسر ڈاکٹر رضا شاہ نے علاقائی ترقی اور سائنسی برتری کے لیے آئی سی سی بی ایس کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا یقین ہے کہ شراکت داری مثبت اثرات مرتب کر سکتی ہے۔ انھوں نے کہا آئی سی سی بی ایس کے دروازے علمی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے ہر قسم کے تعاون کے لیے کھلے ہیں۔ پروفیسر رضا شاہ نے تنزانی وفد سے کہا کہ آئی سی سی بی ایس تنزانی محققین اور ٹرینی افراد کے لیے ٹواس پروگرام کے تحت بین الاقوامی مرکز میں مفت مہمان نوازی اور تربیت فراہم کرے گا جو خیرسگالی اور حمایت کا ایک اہم اشارہ ہے۔ دورے کا اختتام باہمی مفاہمت کے ساتھ ہوا، جس میں دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مشترکہ منصوبوں کی تیاری پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے مسلسل رابطے میں رہنے اور جلد ہی ٹھوس نتائج حاصل کرنے کے لیے کام کرنے پر اتفاق کیا۔

مزیدخبریں