تھورو میں قلت آب کے خلاف دھرنا ، سڑکیں بند، محکمہ آبپاشی کی یقین دہانی پر احتجاج ختم

Apr 20, 2025

عمرکوٹ (نامہ نگار ) سب ڈویڑن سامارو کے علاقوں میں پانی کی شدید قلت کے خلاف پتھورو تحصیل کے آبادگاروں اور مکینوں نے بھرپور احتجاج کیا اور مختلف مقامات پر دھرنے دے کر سڑکیں بلاک کر دیں۔ سہراب شاخ اور گڑکی شاخ کے سینکڑوں آبادگار بریجی موری اور شادی پلی موڑ پر جمع ہوئے اور پانی کی بندش کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے میرپورخاص عمرکوٹ روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک  مکمل طور پر معطل کردی، جس سے دونوں شہروں کے درمیان آمدورفت دو گھنٹے تک بند رہی۔ احتجاجی شرکاء میں عبدالرحیم پلی، محرم شر، حاجی شوکت، میر محمد مگسی، چوہدری شوکت، حاجی اسد، دھنی بخش، ارباب نوھڑی، حسین مہر سمیت دیگر شامل تھے۔ مظاہرین نے شکوہ کیا کہ گزشتہ ایک ماہ سے سہراب اور گڑکی شاخوں میں پانی کی فراہمی معطل ہے، جس کے باعث کھڑی فصلیں سوکھ کر تباہ ہوچکی ہیں۔ علاقے کے تالاب اور کنویں بھی خشک ہوچکے ہیں، جس سے انسانوں اور جانوروں کے لیے پینے کے پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے۔ آبادگاروں کا کہنا تھا کہ زیر زمین کھارا پانی پینے سے لوگ مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں جبکہ محکمہ آبپاشی کا عملہ مبینہ طور پر ہمارا پانی فروخت کر رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پانی کی عدم دستیابی کے باعث علاقے میں خشک سالی نے خطرناک صورت اختیار کرلی ہے اور عوام بوند بوند کو ترس رہے ہیں، لیکن حکومتی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ احتجاجی مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ سہراب شاخ اور گڑکی شاخ میں فوری طور پر پانی کی فراہمی بحال کی جائے۔ احتجاج کے دوران محکمہ آبپاشی کا کوئی افسر مظاہرین سے ملنے نہ آیا تاہم موبائل فون پر رابطہ کرنے پر متعلقہ افسر نے یقین دہانی کرائی کہ اتوار کے روز دونوں شاخوں میں پانی چھوڑا جائے گا۔ افسر کی اس یقین دہانی پر آبادگاروں نے اپنا دھرنا ختم کر دیا اور ٹریفک بحال کر دی گئی۔

مزیدخبریں