خیرپور میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا،شہری سراپا احتجاج

Apr 20, 2025

خیرپور(بیورورپورٹ)خیرپور میں پینے کے پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا، 20 سے زائد علاقوں میں پانی کی قلت، شہری پانی خرید کر استعمال کرنے پر مجبور، شہریوں کا چیئرمین میونسپل کمیٹی کیخلاف احتجاج،متعدد پمپمنگ اسٹیشن کی خراب موٹروں کی مرمت نہیں کرائی جارہی، ڈیزل میں کرپشن کی جارہی ہے، جس سے پانی کا بحران ہورہا ہے، شہری، تفصیلات کے مطابق خیرپور شہر میں پینے کے صاف پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے، خیرپور کے محلہ علی مراد، نیا گوٹھ، سائدہ گوٹھ، لقمان، پنج ہٹی، بھرگڑی، ہاشمی گلی، ڈبر، گودو شاپ، میر علی بازار سمیت دیگر علاقوں میں پانی کی قلت ہوگئی ہے، پانی کے بحران اور میونسپل انتظامیہ کے غیر مناسب رویہ اور چیئرمین میونسپل کمیٹی ڈاکٹر یار محمد پھلپوٹو کی نااہلی کے خلاف سید فواد شاہ، راجہ شاہ و دیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس موقع پر مظاہرین نے کہا کہ میونسپل کمیٹی میں کرپشن کا بازار گرم ہے، بھرگڑی، خاکی شاہ اور گاڑی پل ریگیولیٹر کی متعدد موٹریں انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے خراب پڑی ہیں، جن کی مرمت نہیں کرائی جارہی ہے اور جو موٹریں صحیح ہیں ان کے ڈیزل میں کرپشن کی جارہی ہے، موٹریں نا چلنے کی وجہ سے شہر میں پانی کا بحران ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، مظاہرین نے کہا کہ چیئرمین میونسپل کمیٹی نااہل ہیں اپنے دفتر میں ٹائم نہیں دیتے ہیں شکایات کے لئے کئی مرتبہ دفتر گئے مگر کوئی نہیں ملتا، انہوں نے کہا کہ پینے کا پانی خرید کر استعمال کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پانی کء بحران کا خاتمہ کیا جائے اور پانی کی سپلائی بحال کی جائے بصورت دیگر میونسپل انتظامیہ کیخلاف سخت احتجاج کیا جائے گا۔

مزیدخبریں