کلر سیداں(نامہ نگار)یونین کونسل بھلاکھر کو ماڈل کا درجہ تو نہ مل سکا، گندگی کے ڈھیر لگ گئے،معر وف قانون دان نے اہلیان علاقہ کے ہمراہ محکمہ صفائی کلر سیداں کے عملے کیخلاف وزیر اعلی پنجاب کے پورٹل پر شکایت درج کروا دی۔ بھلاکھر کے مقام پر منعقدہ عید ملن پارٹی میں مسلم لیگ ن کے ایم این اے راجہ اسامہ اشفاق سرور اور ایم پی اے راجہ صغیر احمد نے یوسی بھلاکھر کو ماڈل کا درجہ دینے کا اعلان کیا تھا۔ کلر سیداں بار ایسوسی ایشن کے ممبر اور یونین کونسل بھلاکھر کے رہائشی معروف قانون دان راجہ محمد اسرار ایڈووکیٹ نے اہالیان علاقہ کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے پورٹل یر تحریری شکایت میں بتایا کہ ہم اہالیان بھلاکھر وارڈ نمبر 2پھگواڑی گلہ کے رہائشی ہیں۔یونین کونسل بھلاکھر واحد وارڈ ہے جہاں سے مسلم لیگ کے دونوں امیدواروں نے برتری کیساتھ کامیابی حاصل کی تھی۔پھگواڑی گلہ وارڈ نمبر 2 کے ملحقہ گائوں سہی راجگان،صادق آباد، چکیالہ،میرا اور پھگواڑی گلہ میں ستھرا پنجاب کی کسی طرح بھی کوئی جھلک نہیں آئی ۔ صفائی پر ماموم کام چور عملے نے کبھی ہمارے علاقے کو چیک کیا نہ ہی ان تمام آبادیوں میں کوڑا دان نصب کئے جا سکے ہیں جس کی وجہ سے پورے علاقے میں تعفن کی وجہ سے متعدد بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ لاحق ہو گیا ہے۔ ارکان اسمبلی راجہ اسامہ سرور اور راجہ صغیر احمد نے سیاسی جلسوں اور عید ملن پارٹی میں یونین کونسل کو ماڈل کا درجہ دینے کا اعلان کیا تھا جس پر عملدرآمد نہ ہو سکا۔ عوامی حلقوں کے مطابق مسلم لیگ ن ان علاقوں کو جان بوجھ کر نظر انداز کر رہی ہے جس کی وجہ سے علاقہ بھر میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف اور اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں کو صورتحال کا نوٹس لینے اور صفائی ستھرائی پر ماموم کام چور عملے کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
یونین کونسل بھلاکھر کو ماڈل کا درجہ تو نہ مل سکا، گندگی کے ڈھیر لگ گئے
Apr 20, 2025