اسلام آباد ( اپنے سٹا ف رپو رٹر سے ) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کو فلسطین،ایران، عراق اور یمن کی طرح کمزو ر کرنے کیلئے بیرونی فنڈنگ سے کوششیں ہو رہی ہیں لیکن ہماری حکومت اندرونی و بیرونی دہشتگردوں کا خاتمہ اور معاشی ترقی یقینی بنائیگی،آج کی نوجوان نسل کی کردار سازی کیلئے اقبال کا خودی کا پیغام ان تک پہنچانا ضروی ہے،آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اقبال کے تصورِ خودی اور فکری جرت کو اپنائیں اور ملک کو درپیش چیلنجز جیسے معاشی بحران، تعلیمی انحطاط اور نوجوانوں کی بے راہ روی کا دانشمندی سے مقابلہ کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں اسلام آباد میں ادارہ نظریہ پاکستان، پاکستان کلچرل فورم اور پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کے اشتراک سے علامہ محمد اقبال کی برسی کے حوالے سے عظیم الشان فکری و ثقافتی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب کی صدارت وفاقی وزیر برائے ثقافت، ورثہ و سیاحت اورنگزیب خان کھچی نے کی جبکہ میزبان چیئرمین پاکستان کلچرل فورم ظفر بختاوری اور چیئرمین کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ احسن بختاوری تھے، تقریب میں جماعت اسلامی خارجہ امور کے سربراہ آصف لقمان قاضی،سیکرٹری جنرل سی ڈی اے یونین چوہدری محمد یاسین،،سابق چیف کمشنر اسلام آبادطارق پیرزادہ اور دیگر نے بھی شرکت کی، طارق فضل چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقبال کی شاعری میں آج کے تمام مسائل کا حل موجود ہے،بعض لوگ سستی شہرت کیلئے اپنے ادروں پر الزام تراشی کرتے ہیں،مضبوط اداروں کے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کر سکتا ہے ،اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ قائد اعظم اور اقبال قومی ہیروز ہیں،ان کا پیغام اور فلسفہ تمام تعلیمی اداروں اور طلبا تک پہنچانا ضروری ہے، ،احسن بختاوری نے کہا کہ آج کے ایونٹ کا مقصدنوجوان نسل کو اقبال کے اس فلسفے اور نظریہ سے روشناس کرانا ہے ،آصف لقمان قاضی نے کہا کہ ثقافت کسی بھی قوم کے طور طریقوں کا اظہار ہوتا ہے ،ظفر بختاوری نے کہا کہ قومی ہیروز کا دن منانا قوموں کی شان ہوتی ہے،جو قومیں اپنے ہیروز کو بھلا دیں ان کا نام و نشان ہی مٹ جاتا ہے،طارق پیرزادہ نے کہا کہ اقبال کو پڑھنا اور سمجھنا بہت ضروری ہے،ان کی ساری زندگی حضور ؐسے محبت سے وابستہ ہے ،چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ امت مسلمہ کو اپنے فکری زوال سے نکالنے کے لیے اقبال کے انقلابی نظریات کو اپنانا ہوگا۔ ،ڈی جی پی این سی اے ایوب جمالی نے تقریب کے شرکا کا شکریہ ادا کیا،تقریب میں آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران ملک محسن خالد،روحیل انور بٹ،چوہدری وسیم،نوید ستی،بزنس کمیونٹی کے نمائندے خالد چوہدری،نثار مرزا،یوسف راجپوت،اشرف فرزند،مقصود تابش،وحید چیمہ،طلبا، اساتذہ، دانشوروں، ادیبوں، تاجروں، صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
حکومت اندرونی و بیرونی دہشتگردوں کا خاتمہ،معاشی ترقی یقینی بنائیگی، طارق فضل چوہدری
Apr 20, 2025