بلوچستان: سی ٹی ڈی، دیگر اداروں کی مشترکہ کارروائی، کالعدم تنظیم کے 5 دہشتگرد ہلاک

Apr 20, 2025

کوئٹہ،اسلام آباد (آئی این پی+ این این آئی + اپنے سٹاف رپورٹرسے )بلوچستان کے علاقے دکی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے  ایک مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 5 شرپسندوں کو ہلاک کر دیا۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دکی کے علاقے میںبر پہاڑ کے مقام پر سی ٹی ڈی اوردیگر اداروں کی مشترکہ کاروائی  کی اس دوران   فائرنگ کے تبادلے میں 5 مسلح افراد ہلاک ہوگئے۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد مزدوروں اور سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔نعشیں ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔حکام کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا جو دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔  جبکہ سی ڈی ٹی حکام نے معاملے کی مزید تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ دہشت گردوںکے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ علاقے میں مزید ممکنہ دہشتگردوں کی موجودگی کے پیش نظر سرچ آپریشن جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کو کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ایسی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔اسلام آباد سے اپنے سٹاف رپورٹرسے کے مطابق سی ٹی ڈی اسلام آباد پولیس نے دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنادیا۔ فتنہ الخوارج کے دہشتگرد کو گرفتار کر لیا گیا۔ دہشتگرد کی شناخت محمد حسن کے نام سے ہوئی جس کا تعلق فتنہ الخوارج کے مفتی نور ولی محسود گروپ سے بتایا گیا ہے۔سی ٹی ڈی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقوں داربن اور کوٹ عیسیٰ خان سے دہشتگردوں کے چار سہولت کار گرفتار کر لئے گئے۔

مزیدخبریں