اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نمازِ تراویح کے حوالے سے سرکاری ہدایات پر عمل کرنے پر عوام کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حکومت اور علمائے کرام کے مابین اجماع اور قابلِ عمل ہدایات (ایس او پیز) کے حوالے سے جو تبادلۂ خیال ہوا تھا، وہ عوام تک پہنچ گیا ہے۔
پیغام میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عام طور پر یہ مساجد اور عوام کے عمومی رویے پر منحصر ہے کہ وہ کس طرح مذہبی معاملات کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں جبکہ پاکستانی عوام کا طرزِ عمل قابلِ تحسین ہے۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ریاست کا کام رہنما ہدایات دینا ہے جبکہ عوام اس پر عمل درآمد کی ذمہ داری خود قبول کرتے ہیں۔ انہوں نے لاہور کی ایک مسجد کی خبر شیئر کی جس میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے انوکھا طریقہ کار اپنایا ہے۔
شیئر کی گئی خبر کے مطابق لاہور کی ایک مسجد میں رمضان المبارک کے دوران نمازِ تراویح کی ادائیگی کے لیے ایسے انتظامات کیے گئے ہیں جن کے تحت کورونا وائرس کی روک تھام ممکن ہے جبکہ مذہبی فرائض کی ادائیگی بھی جاری رہے گی۔