کراچی: کمشنر کراچی نے لاک ڈاؤن میں کھلنے والے کاروبار کو ضلعی انتظامیہ کے اجازت نامے سے مستشنی قرار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران کاروبار،انڈسٹریز اور ریسٹورنٹس کو ڈی سی آفس سے اجازت نامہ لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ مگر کھلنے والے کاروبار کو محکمہ داخلہ کی جاری کردہ ایس او پیز کا خیال کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ محکمہ داخلہ سندھ نے طے کردہ ضابطہ کار پر عمل درآمد کرنے والی 52 فیکٹریوں کو پیدواری عمل شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ باون کمپنیوں نے کورونا وائرس سے متعلق سندھ حکومت کے طے کردہ ضابطہ کار پر عمل کیا ہے۔اجازت ملنے والے صنتعی اداروں کا تعلق سائٹ، لانڈھی، کورنگی، ملیر اور بن قاسم صنعتی زون سے ہے۔