مسلمانان عالم پربرکتوں کا ماہِ مقدس سایہ فگن ہونے کو ہے:چوہدری جعفر اقبال
اسلام آباد ( پ ر ) ممتاز مسلم لیگی رہنماء سابق سینیٹر چوہدری جعفر اقبال نے کہا ہے کہ رحمتوں،برکتوں،سعادتوں اور سیادتوں کا ماہِ مقدس مسلمانوں پر سایہ فگن ہونے کو ہے۔یہ پہلا رمضان کریم ہے جس میں پوری دنیا کرونا وائرس کی افتاد کا شکار ہے۔کرونا وائرس کی ننگی تلوار انسانی سروں کی فصل کاٹ رہی ہے۔پاکستان بھی اس عالمی وباء اس کے حملوں اور اس کے اثرات سے محفوظ نہیں۔مقامِ شکر ہے کہ مسجدیں،خانقاہوں ،درگاہوںمیں رمضان پاک سے منسوب رونقیں محفل بحال ہیں ۔اللہ کریم والی انفرادی اور اجتماعی دعائوں کو شرفِ قبولیت بخشے اور دنیا کو کرونا وائرس کے خونیں پنجے سے نجات دلائے ۔ یوتھ گروپ سے ٹیلی فون گفتگو میں انہوں نے کہا کہ قوم ماہ صیام کا ہر دن یوم توبہ اور یوم استغفار کی طرح منانے کی کوشش کرے ۔ چوہدر ی جعفر اقبال نے بتایا کہ نبی اکرمؐ نے ماہ صیام کے بہت سے فضائل و برکات بیان فرمائے ہیں۔ یہ ماہ خیر و صلاح کے پھلنے پھولنے کا مہینہ ہے جس میں پوری اُمتِ مسلمہ مل کر نیکی کے باغ کو سیراب کرتی ہے۔اس ماہ مبارک جتنی نیک نیتی کے ساتھ عمل کئے جائیں گے اور ان کو باقی گیارہ مہینوں تک باقی رکھا جائے گا اتنا ہی وہ پھلیں پھولیں گے اور دائمی فائدہ حاصل ہو گا کیونکہ رمضان میں انکے پھلنے پھولنے کی کوئی انتہاء نہیں ہے۔ رمضان کے مہینے میں دن کو روزہ رکھ کر رات کو قیام کرنا بہت بڑی عبادت ہے۔