ایئر یونیورسٹی کے زیراہتمام طلبہ کے مابین ڈیجیٹل مقابلے شروع ہو گئے
اسلام آباد (نا مہ نگار ) ایئر یونیورسٹی کے زیراہتمام ملک بھر کے طلباء و طالبات کے مابین اپنی نوعیت کے پہلے منفرد ڈیجیٹل مقابلے (ایئر ای نیکسس 20) شروع ہو گئے ہیں، پانچ روزہ ایئر ای نیکسس مقابلوں کابنیادی مقصد کورونا وائرس کے حالیہ بحران کو مدنظر رکھتے ہوئے نوجوان نسل کو گھٹن کے ماحول سے نکال کر صحت مندانہ تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے،مزید براں ایئر یونیورسٹی نے ڈیجیٹل مقابلوں سے حاصل کردہ تمام آمدنی کو حکومت کے کورونا ریلیف فنڈ میں عطیہ کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایئر یونیورسٹی اسٹوڈنٹ افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام ہر سال باقاعدگی سے ملک کے سب سے بڑے کھیلوں کے اولمپیاڈ کا انعقاد کیا جاتا ہے،تاہم رواں برس کورونا وائرس صورتحال کی بناء پرجدید ڈیجیٹل اور آن لائن ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایئر ای نیکسس مقابلوں میں طلبا ء و طالبات گھر بیٹھے مختلف مقابلوںبشمول مضمون نگاری، تحریر نویسی، کوئز،ویڈیو گرافی، فوٹو گرافی، اینیمیشن وغیرہ میں بھرپور حصہ لے سکتے ہیں۔ ایئر یونیورسٹی کے زیراہتمام ای نیکسس مقابلوں کا انعقاد موجودہ حکومت کی جانب سے متعارف کردہ ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو بھی تقویت پہنچانا ہے، اس سلسلے میں یونیورسٹی انتظامیہ کا مزیدکہنا ہے کہ نوجوان نسل کیلئے ای نیکسس مقابلوں میں جدید انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کے بھرپور استعمال سے کورونا بحران کے دوران ترقی کے نت نئے مواقع کھوجنے میں مدد مل سکے گی، ایئریونیورسٹی فاصلاتی سلسلہ تدریس/آن لائن نظامِ تعلیم (ای ایل ایم ایس) کو ملک کے طول و عرض میں رائج کرنے کی قومی کوششوں میں ہاتھ بٹانے کیلئے پیش پیش ہے۔