مقامی میڈیکل آلات کی استعداد بڑھانے کیلئے بین الوزارتی گروپ تشکیل دیا جائے:ـاسد عمر
اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر کی زیر صدارت اتوار کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ این سی او سی حکام کے مطابق اجلاس میں کرونا وائرس کے عدم پھیلاؤ کیلئے سماجی فاصلے اور طے شدہ گائیڈ لائنز پر موثرعمل درآمد، مقامی طور پر تیار ہونے والے طبی آلات کی استعداد کار سمیت دیگر امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ کرونا وائرس کے پھیلائو کو موثر عوامی آگاہی مہم کے ذریعے ہی روکا جا سکتا ہے۔ سماجی فاصلہ اور ایس او پیز پر عمل درآمد ہی اس وبا کی روک تھام میں موثر کردار کرسکتا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کی مقامی سطح پر تیار کی جانے والے میڈیکل آلات کی استعداد بڑھانے کے لئے بین الوزارتی گروپ تشکیل دیا جائے جس میں وزارت صنعت و پیداوار کو بھی شامل کیا جائے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات، آئی ایس پی آر اور وزارت صحت ملکر قرنطینہ مراکز کے حوالے سے نئی گائیڈ لائنز کو عوامی رویوں کے مطابق بنانے کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کریں، نئی گائیڈ لائن میں ایسی کوئی چیز شامل نہ ہو جسے عوامی رویئے تسلیم کرنے سے گریزاں ہوں۔ اجلاس میں وزیر داخلہ بریگیڈ (ر)اعجاز احمد شاہ ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر، وفاقی وزیر اقتصادی امور خسرو بختیار، وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی فخر امام، مشیر قومی سلامتی معید یوسف، وزیر اعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے کووڈ -19 ڈاکٹر فیصل سلطان، لیفٹیننٹ جنرل حمودالزمان سمیت دیگر حکام اجلاس میں شریک تھے۔