بیرون ملک سے آنے والے 30 پاکستانی کرونا پازیٹو، گوجرانوالہ 3 نئے مریض
اسلام آباد‘ گوجرانوالہ، نوشہرو فیروز‘ بھکر‘ سرگودھا‘ فیصل آباد (نامہ نگاران + نمائندگان+ این این آئی+ آن لائن) بیرون ممالک سے اسلام آباد پہنچنے والے 30 پاکستانیوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔ 65 سالہ خاتون کی میو ہسپتال میں وفات کے بعد اس کا آبائی گاؤں ظفروال کا علاقہ موہلن سیل کر دیا گیا۔ نوشہرو فیروز میں بھی 4 مزید تبلیغی ارکان کرونا پازیٹو نکلے جہاں مریضوں کی تعداد 19 ہو گئی۔ سرگودھا قرنطینہ سے رزلٹ نیگیٹو آنے پر 225 مریضوں کو گھر بھیج دیا گیا۔ بھکر سے 7 افغان تبلیغی ارکان کو منفی رپورٹ پر رائیونڈ منتقل کر دیا گیا جبکہ مزید 42 افراد کو بھی ٹیسٹ رزلٹ کی بنیاد پر ملک بھر کے 15 اضلاع میں انکے گھر روانہ کر دیا گیا۔ سیالکوٹ میں بھی ایران سے آنیوالا نوجوان شفا یابی کے بعد گھر پہنچ گیا۔ فیصل آباد قرنطینہ سے مجموعی طور پر 309 افراد کو 2 بار ٹیسٹ منفی آنے پر متعلقہ اضلاع منتقل کر دیا گیا جبکہ گوجرانوالہ کے مزید 3 افراد میں وائرس کی تصدیق کے بعد مریضوں کی تعداد 138 ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق بیرون ممالک سے اسلام آباد پہنچنے والے پاکستانیوں میں سے 30 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ گوجرانوالہ شہر میں مزید تین افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد وائرس کا شکار مریضوں کی تعداد 138ہو گئی ہے جبکہ ریجن کے چھ اضلاع میں کوروناوائرس کا شکار مریضوں کی تعداد561تک پہنچ گئی ۔فوکل پرسن ڈاکٹر نصرت کے مطابق گجرات میں 163، سیالکوٹ 116، حافظ آباد47 ، منڈی بہا الدین میں61 جبکہ نارووال میں 36 مریض وائرس کا شکار ہیں خطرناک وائرس سے گوجرانوالہ کا ایک اور گجرات کے تین مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ریجن سے 4504مشتبہ مریضوں کے کورونا ٹیسٹ کروائے گئے ہیں 3018 مریضوں کے ٹیسٹ منفی جبکہ 561 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے جبکہ 925مریضوں کی لاہور سے رپورٹس آنا باقی ہیں۔