لاک ڈائون: لاہور 6445 گاڑیاں بند، گجرات سینکڑوں چالان، شہر شہر گرفتاریاں
لاہور، گوجرانوالہ، کامونکے، سرگودھا، سیالکوٹ، گجرات (نامہ نگاران+ نمائندگان) لاک ڈائون توڑنے پر لاہور سمیت دیگر شہروں میں پولیس کی کارروائیاں اتوار کے روز بھی جاری رہیں۔ سرگودھا کی بند دکانوں میں میں خرید وفروخت پر کئی تاجروں کو پکڑ لیا گیا جبکہ ڈبل سواری اور دفعہ 144 کی مختلف پابندیوں کے تحت درجنوں افراد کو گرفتار کر کے 47 افراد کیخلاف مقدمات درج کر لئے گئے۔ سمبڑیال میں ڈبل سواری پر 12 ڈسکہ میں 27 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ سیالکوٹ میں 35 ڈبل سوار پرچے درج کر کے موٹرسائیکلوں سمیت تھانے بند کر دیئے گئے۔ اسی طرح 6 دکانیں کھولنے والوں کو بھی دھڑ لیا گیا۔ گجرات میں سینکڑوں چنگ چی رکشے چالان کے بعد بند کر دیئے گئے۔ لاہور شہر میں جزوی لاک ڈائون کے آغاز سے اب تک قانون شکن عناصر کیخلاف مجموعی طور پر 2054 ایف آئی آرز درج کی جا چکی ہیں۔ شہر میں گھومنے پھرنے والے ایک لاکھ 72 ہزار سے زائد شہریوں کو روکا گیا۔ ایک لاکھ 62 ہزار 12 کو وارننگ دی گئی۔ ایک لاکھ 51 ہزار 408 وہیکلز کی چیکنگ جبکہ 6445 گاڑیاں اور موٹرسائیکلوں کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بند کیا گیا۔ کامونکے میں ڈبل سواری کرنے والے چار افراد کو گرفتار کر کے ان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ گوجرانوالہ میں کینٹ پولیس نے متعدد ڈبل سواروں کو گرفتار کر لیا۔ موٹرسائیکلیں قبضہ میں لے لی گئیں، مقدمے بھی درج کر لئے۔