سرائے مغل:پسندکی شادی پربیٹے نے ماں کو قتل کردیا ، ملزم گرفتار
سرائے مغل+قصور(نمائندہ نوائے وقت+نامہ نگار)سرائے مغل میںپسند کی شادی کرنے پر حقیقی بیٹے نے 3 ساتھیوں کے ہمراہ کلہاڑیوں کے وار کر کے ماں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ،پولیس نے چھاپہ مار کر ملزم سجادکو گرفتارکرلیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ سرائے مغل کے نواحی گائوں رکھ والا میں گزشتہ رات ساجدہ بی بی سابقہ مرحوم شوہر اسحاق کے گھر اپنی حقیقی بیٹی ثمرین بی بی کی شادی پر آئی ہوئی تھی اور مہندی کی رسم کے بعد سو گئی ۔اسی اثناء میں گزشتہ رات اس کے سابق شوہر کے بطن سے حقیقی بیٹاسجاد اپنے ساتھی مشتاق، رضوان اور عباس کے ساتھ مل کر آیا اور سوئی ہوئی بد نصیب ماں پر کلہاڑیوں کے پے در پے وار کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔وجہ عناد یہ تھی کہ ساجدہ نے چند سال قبل بہڑوال کے وقاص نامی شخص سے پسند کی شادی کر لی تھی جس کا اسکے بیٹے کو رنج تھا ۔ ساجدہ کے موجودہ شوہر محمد وقاص کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقامی پولیس نے کارروائی شروع کر دی۔