کھلے سمندر میں کرونا پھیلنے کے واقعہ نے امریکیوں کو حیران کرکے رکھ دیا
واشنگٹن(این این آئی)امریکا کے ایک طیارہ بردار بحری جہاز تھیوڈور روزویلٹ پر کھلے سمندر میں کرونا وائرس پھیلنے کے واقعے نے امریکیوں کو حیران کرکے رکھ دیا ہے۔ امریکا سے ہزاروں میل دور سمندر کی وسعتوں میں اس بحری بیڑے پر کرونا وائرس کا پہنچنا امریکیوں کے لیے حیرت کی بات ہے تاہم حکام اس کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق گوام میں لنگر انداز روز ویلٹ میں کرونا کا بحران 2 مارچ کو سامنے آیا۔ اس واقعے کے بعد جہاز کے کپتان تھامس موڈلے کو برطرف کردیا گیا ۔امریکی نیوی کے مطابق یو ایس ایس روز ویلٹ پر موجود 600 سے زاید افراد ممکنہ طورپر کرونا کا شکار ہوسکتے ہیں۔ چند روز قبل 103 نیوی سیلرز کے کرونا کی وبا کا شکار ہونے کے کی تصدیق کی گئی تھی۔