ضلعی انتظامیہ تاجروں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے،صدر علوی
راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹرسے)صدر پاکستان عارف علوی نے کہا ہے کہ کوشش کی جارہی ہے کہ آمدہ بجٹ ملک بھر کے تاجروں سمیت عام شہریوں کے لیئے فائدہ مند ثابت ہوں اور عوام کو اس بجٹ سے ریلیف ملے،ملک بھر کے لاکھوں چھوٹے بڑے تاجر ملکی معیشت میں ریڑھ کی حیثیت رکھتے ہیں ،اس لیئے انھیں ٹیکس سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی سے ہی انکا اعتماد بحال کیا جاسکتاہے،ہر اضلاع کی انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ تاجروں کو درپیش مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کریں تاکہ تاجر مسائل کے حل میں ان کا ہاتھ بٹا سکیں ،ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیئے تاجروں کی خدمت کو عزت کی نگاہ سے دیکھتا ہوں ،ماضی کی طرح اب بھی ملک بھر کے تاجر سرکاری اداروںکا ساتھ دیں اور ملکی ترقی میں اپنا کردار اداکریںان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز چیئرمین آل پاکستان تاجر ایکشن کمیٹی و صدر مرکزی انجمن تاجران (رجسٹرڈ)راولپنڈی کے صدر شرجیل میر کی قیادت میں ملک بھر سے آنے والے تاجر نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا،تاجروں کے وفد میں وفد میں مر کزی انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری شیخ محمد صدیق ، چیئرمین فارماسوٹیکل پنجاب ،زاہد بختاری،چوہدری اقبال احمد ،چوہدری امتیاز،،طلحہ توقیر،خواجہ مشتاق،شیخ آصف اکرم ،میاں عماران صادق،شیخ شبیر،طاہر تاج بھٹی،فیصل شہزاد،شیخ نعیم،اور عامر خان سواتی بھی موجود تھے،اس موقع پر چیئرمین آل پاکستان تاجر ایکشن کمیٹی شرجیل میر نے صدر پاکستان کو بتایاہے کہ ملک بھر کے تاجر امن امان کی خراب صورتحال کی وجہ سے پریشان ہیں، بازاروں میں پارکنگ پلازوں کی نہ ہونے کی وجہ سے ٹریفک کا بے ہنگم ہوناہمارے لیئے زہر قاتل بن چکاہے،دوسری جانب سرکاری اداروں کا نامناسب رویہ اور حراسگی کے بڑھتے واقعات نے ملک بھر کے تاجروں کا سرکاری اداروں پر اعتماد ختم کردیا ہے ،اگر حکومت ٹیکس نیٹ بڑھانا چاہتی ہے کہ تو ٹیکس اداکرنے والوں کی عزت نفس میں اضافہ کیا جائے انھیں سرکاری اداروں سمیت ریلوے اسٹیشن اور ائیر پورٹس پر الگ سے کاونٹرز بنائیں جائیں تاکہ ٹیکس ادانہ کرنے والوں کو ترغیب مل سکے،انھوں نے صدر پاکستان کو کاروباری حالات بہتر بنانے کے لیئے تجاویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر کے مصروف بازاروں کے قریب پارکنگ پلازے تعمیر کیئے جائیں اور ہیوی ٹریفک سمیت کاروباری اوقات میں عام ٹریفک کا بھی بازاروں میں داخلہ بند کیا جائے اور صرف پیدل چلنے والوں کے لیئے راستے مختص کیئے جائیں ،اسی طرح ملک کے اہم بس اڈوں کو تزین وآرائش کی جائے اور ایشیا کے دوسرے بڑے بس اڈے پیر ودھائی کی ترجیح بنیادوں پر تزین کیا جائے تاکہ دیگر شہروں سے آنے والوں کو اچھا منظر نامہ مل سکے،ملک بھر کے تاجر مشکل حالات میں اپنی افواج پاکستان اور دیگر سرکاری اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور مشکل وقت میں جانی مالی قربانی دینے سے گریز نہیں کریں گے۔