پنجاب میں بارشوں سے پونے 7لاکھ ایکڑ پر کاشت فصلیں متاثر ہوئیں :محکمہ زراعت
لاہور (آئی این پی ) پنجاب میں بارشوں سے پونے 7لاکھ ایکڑ پر کاشت فصلیں متاثر ہوئیں ، بارشوں سے 5 لاکھ 65 ہزار ایکڑ پر کھڑی گندم کی فصل تباہ ہوگئی،جھنگ،خانیوال،ڈی جی خان اور چکوال میں گندم کی فصل سو فیصد متاثر ہوئی،کل پانچ ہزار دو سو بائیس دیہاتوں میں مقیم کاشکاروں کی فصلیں متاثر ہوئی ۔ تفصیلات کے مطابق بارشوں سے تباہ ہونے والی فصلوں سے متعلق محکمہ زراعت پنجاب نے رپورٹ تیار کر لی ہے جس میں بتایا گیا حالیہ بارشوں سے مجموعی طور پر 6لاکھ63ہزار1سو92 ایکڑ پرکاشت کی گئی مختلف فصلیں متاثر ہوئیں۔رپورٹ کے مطابق طوفانی بارشوں اور ژالہ باری نے سب سے زیادہ گندم کی فصل کو متاثر کیا۔ بارشوں سے 5 لاکھ 65 ہزار ایکڑ پر کھڑی گندم کی فصل تباہ ہوگئی۔ گندم کی فصل کی تباہی سے کاشتکاروں کو آٹھ ارب روپے کا نقصان ہوا۔رپورٹ میں کہا گیاہے کہ 3 ہزار 1سو 23 دیہات ایسے ہیں جہاں گندم کی فصل تباہ ہوگئی ہے۔ 14 ہزار 9 سو 82 ایکڑ رقبہ ایسا ہے جہاں سو فیصد گندم کی فصل تباہ ہوئی۔ گندم کی فصل کا 11 ہزار 5 سو 18 ایکڑ رقبہ پچھتر فیصد متاثر ہوا ہے ۔