مالی کے وزیراعظم اور کابینہ مستعفی، نئی حکومت اپوزیشن کی مشاورت سے چلے گی
مالے (این این آئی) شدید عوامی دبائو پر افریقی ملک مالی کے وزیر اعظم اور ان کی کابینہ مستعفی ہو گئی۔ وزیر اعظم کے خلاف گزشتہ روز ہی تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تھی جو کامیاب ہو ئی۔ مالی کی حکومت پر موپٹی خطے میں تشدد نہ روک پانے کی وجہ سے شدید عوامی و سیاسی دبائو تھا۔ مالی کے صدر ابراہیم بوبکر کیٹا کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے وزیر اعظم سومیلائو بوبیی میگا اور ان کی کابینہ کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی حکومت حکمران اور اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سے جلد قائم کی جائے گی۔ موپٹی جہاں دو مقامی گروہ ڈوگن اور فولانی ایک دوسرے کے خلاف نبرد آزما ہیں، میں 23 مارچ کو 160 افراد قتل کر دیئے گئے تھے، 5اپریل کو مالی کے دارالحکومت میں حکومت کی نا اہلی کے خلاف بڑا عوامی مظاہرہ ہوا۔