وزراء کی تعداد 47تک پہنچ گئی،16 غیر منتخب ارکان شامل ہیں
اسلام آباد( محمد نواز رضا ، وقائع نگار خصوصی) عمران خان کابینہ کے ارکان کی تعداد 47 ہو گئی ہے جس میں غیر منتخب ارکان کی تعداد16 ہو گئی ہے کابینہ میں 4منتخب ارکان کی جگہ مزید غیرمنتخب نے لے لی ہے ۔ قومی اسمبلی کے رکن اسد عمر کی جگہ ٹیکنو کریٹ عبدالحفیظ شیخ نے لے لی ہے یہ بات قابل ذکر ہے عبدالحفیظ شیخ جنرل پرویز مشرف اور پیپلز پارٹی کی حکومتوں کا حصہ رہے ہیں ۔ فردوس عاشق اعوان نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین چودھری کی جگہ لے لی وہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں بھی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات رہ چکی ہیں ۔اسی طرح وزیر صحت عامر کیانی اور وزیر پٹرولیم غلام سرور کی جگہ ٹیکنو کریٹس ظفر اللہ مرزا اور ندیم بابر نے لے لی ہے ۔وفاقی کابینہ میں وزرا کی تعداد 25ہوگئی جبکہ وزیر مملکت بدستور 5ہیں۔ معاونین خصوصی کی تعداد 13 ہوگئی، غیر منتخب معاونین میں فردوس عاشق اعوان، ندیم بابر اور ظفر اللہ ،شہزاد اکبر، افتخار درانی، نعیم الحق، زلفی بخاری، شہزاد قاسم، عثمان ڈار، یوسف بیگ مرزا، ندیم افضل چن شامل ہیں۔عبدالحفیظ شیخ کی شمولیت کے بعد وزیراعظم کے مشیروں کی تعداد 5ہوگئی، دیگر غیر منتخب مشیروں میں ملک امین اسلم، عبدالرزاق داد، شہزاد ارباب اور ڈاکٹر عشرت حسین شامل ہیں۔