سوڈان: مظاہرین کی تنظیم کا سویلین حکومت تشکیل دینے کا فیصلہ
خرطوم:سوڈان میں مظاہروں کی تنظیم نے ملک میں موجود حکمراں ملٹری کونسل کی جگہ انتظام سنبھالنے کے لیے سویلین حکومت تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔فرانسیسی میڈیاکے مطابق 11اپریل کو صدر عمر البشیر کو برطرف کرکے اقتدار میں آنے والی ملٹری کونسل مظاہرین کی جانب سے جلد از جلد سویلین انتظامیہ تشکیل دینے کے مطالبے کو رد کررہی ہے۔مظاہروں کی کال دینے والی جماعت سوڈانیز پروفیشنلز ایسوی ایشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ 2روز بعدمقامی وقت کے مطابق 5 بجے آرمی کمپلیکس کے باہر نیوز کانفرنس میں کونسل اراکین کے ناموں کا اعلان کریں گے۔بیان میں کہا گیا کہ نیوز کانفرنس میں شرکت کے لیے غیر ملکی سفارتکاروں کو بھی دعوت دی گئی ہے۔سوڈانیز پروفیشنلز ایسوسی ایشنز کی رہنما احمدالرابعہ نے کہا کہ ہم مطالبہ کررہے ہیں کہ یہ سویلین کونسل جس میں فوج کے نمائندگان شامل ہوں گے، اسے ملٹری کونسل کی جگہ لایا جائے۔سوڈان میں ایندھن اور خوراک میں کمی کے باعث قیمتوں میں اضافے کے خلاف شروع ہونے والے مظاہروں کو آج 4 ماہ ہوگئے جو صدر عمر بشیر کے صدارت چھوڑنے کے مطالبے تک جا پہنچے تھے اور اب ایک شہری حکومت کے قیام کے مطالبے پر ڈٹے ہوئے ہیں۔آرمی کمپلیکس کے باہر جمعہ کے نماز کے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے شیخ ماطر یونس نے کہا کہ اس حکومت کو عوام اور ان کی خواہش کا نمائندہ ہونا چاہیے۔مظاہرین میں شامل ایک شخص نے کہا کہ اس میں سوڈان کے تمام لوگ شامل ہونے چاہیے۔