پی ٹی آئی میں بڑھتی بغاوت سے عمران خان بوکھلاگئے ہیں، پیر صابر شاہ
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ن کے مرکزی سینئر نائب صدر سینیٹر پیر صابر شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں بڑھتی ہوئی بغاوت کی وجہ سے عمران خان پر بوکھلاہٹ طاری ہوگئی ہے جبکہ ان کی طرف سے مسلم لیگ ن میں شامل ہونے والے رکن صوبائی اسمبلی بابر سلیم کو شو کاز نوٹس جاری کرنے اور اس پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام لگانا عمران خان کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔ کیونکہ بابر سلیم نے 4 فروری کو پشاور میں مسلم لیگ کے جلسہ عام میں محمد نواز شریف کی موجودگی میں اپنے ہزاروں ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کرکے مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا تھا جبکہ سینٹ انتخابات میں بابر سلیم کو کروڑوں روپوں کی آفر کی گئی لیکن بابر سلیم نے کروڑوں روپوں کی آفر کو یکسر مسترد کرتے ہوئے بڑی دلیری کے ساتھ مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو ووٹ دیا تھا انہوں نے کہا کہ اسی طرح دیگر مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی نے کروڑوں روپے کی پیش کش کو ٹھکرا کر مسلم لیگ کا ساتھ دیا اور مسلم لیگ کے ارکان اسمبلی نہیں بکے اور انہوں نے ثابت کردیا کہ محمد نواز شریف کے ساتھیوں کو سکی بھی صورت میں خریدا نہیں جاسکتا جبکہ اس کے برعکس پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کا پورا اصطبل بک گیا۔ عمران خان کی طرف سے بابر سلیم ایم پی اے کے کردار کشی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔