کل جماعتی حریت کانفرنس کا آصفہ کے قتل کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
اسلام آباد (اے پی پی) کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے ننھی آصفہ کو جنسی تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کے خلاف اسلام آباد میں ڈی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں مظاہرین نے شرکت کی۔ اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں فاروق رحمانی، محمود اے ساگر، سید یوسف نسیم سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر جسٹس فار آصفہ کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے اس ظلم اور بربریت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ حریت رہنمائوں نے اس موقع پر بھارتی مسلح افواج کی جانب سے اس بربریت کی سخت مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، کشمیریوں کی پر امن جدوجہد کے خلاف طاقت کا استعمال کھلی بربریت ہے۔ کشمیری اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ اپنا حق خود ارادیت مانگ رہے ہیں۔ اس کے لئے وہ پر امن جدوجہد جاری رکھیں گے۔ مظاہرے میں انسانی حقوق کی تنظیموں، سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔