اگر میں کپتان ہوتا تو فوادعالم ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہوتے:یونس خان
اسلام آباد(ویب ڈیسک)ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے کامیاب ترین بیٹسمین یونس خان کا کہنا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ مسلسل کارکردگی دکھانے والے فواد عالم کو موقع نہیں مل رہا، اگر وہ کپتان ہوتے تو فواد عالم ٹیم میں شامل ہوتے۔نجی ٹی وی کے مطابق سابق ٹیسٹ کپتان کہتے ہیں کہ فواد عالم اس معاملے میں بڑے بدقسمت ہیں کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے کے باوجود انہیں موقع نہیں دیا جارہا۔سابق ٹیسٹ کرکٹرز یونس خان نے مزید کہا کہ آج کل یہ سوچ شدت سے پیدا ہو چکی ہے کہ نئے کھلاڑیوں کی جانب دیکھو اور پرانے کھلاڑیوں کی اہلیت پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت نہیں۔فواد عالم کی تکنیک پر کی جانے والی تنقید کے بارے میں یونس خان نے کہا کہ میں اسے ماننے کے لئے تیار نہیں کیوں کہ ہر کھلاڑی اپنی تکنیک کے ساتھ پرفارمنس پیش کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمر صرف ایک نمبر ہے جسے جواز بنا کر کسی کے مستقبل کا فیصلہ کرنا اصولی بات نہیں ہو گی۔جب یونس سے پوچھا گیا کہ کیا ٹیم کے انتخاب میں چیف
سلیکڑ ،کپتان اور کوچ کسی کو جواب دینے کے مجاز نہیں تو یونس نے کہا کہ ’ایسا ہوتا ہے، لیکن ایسا سوچ لینا کہ جو مجھے اچھا لگتا ہے وہ درست ہے یا جو میں سوچتا ہوں وہی ٹھیک ہے، ٹیم بناتے وقت ایسی سوچ مناسب نہیں ہوتی،کیوں کہ جب آپ کپتان ہوتے ہیں، کوچ یا پھر بطور چیف سلیکڑ آپ کو ہمیشہ وہ فیصلہ کرنا چاہیے جو ٹیم کے وسیع تر مفاد میں ہو‘۔