امیدواروں کی اہلیت، جانچ پڑتال کی پابندی کیلئے درخواست ‘ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت، الیکشن کمشن سے جواب مانگ لیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمشن کو ممبران اسمبلی اور امیدواروں کی اہلیت کی موثر جانچ پڑتال کا پابند بنانے کے لئے وفاقی حکومت اور الیکشن کمشن سے جواب طلب کر لیا۔ ہائیکورٹ نے مقامی وکیل کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ آئین کے آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ کے تحت صادق، امین اور صالح امیدواروں کے انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کرنا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے۔ کاغذات نامزدگی کی غیر موثر اور عمومی جانچ پڑتال کے باعث جعلی ڈگری ہولڈرز، بینک ڈیفالٹرز، دوہری شہریت رکھنے والے اور نااہل افراد اسمبلیوں تک پہنچ جاتے ہیں جوکہ آئین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل کو عدالتی معاونت کے لئے بھی طلب کر لیا۔