مفرور کیسے ضمانت مانگ سکتا ہے: جسٹس آصف سعید شرجیل میمن نے درخواست واپس لے لی
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں شرجیل میمن اور دیگر ملزموں کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی ،شرجیل میمن اور شریک ملزموں نے ضمانت کی درخواستیں واپس لے لیں۔ جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی ۔ دوران سماعت جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ جو حقائق سامنے آئے ہیں وہ فیصلے میں لکھ دیئے توآپکا نقصان ہوگا، ٹرائل کورٹ حساب مانگے گی وہاں جاکر حساب دیں، اشتہار کی قیمت 400 سو روپے منٹ سے بڑھ کر 12500 فی منٹ کیسے ہوگئی۔ شرجیل میمن نے کہا پاکستان کا اچھا تشخص سامنے لانے کے لیے فلم فیسٹیول کرایا گیا، جسٹس آصف کھوسہ نے کہا کہ ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دیں، معاشی دہشتگردی نہیں ہونی چاہیے، عدالت سے مفرور شخص کس طرح ضمانت مانگ سکتا ہے، شرجیل میمن نے باہر جانے سے پہلے جیل نہیں دیکھی تھی، اب شرجیل میمن نے جیل دیکھ لی ہے، اب اگر وہ باہرگئے تو انکی کوشش ہوگی واپس نہ آئیں۔