ہمیں انتخابی عمل سے باہر رکھنے کی سازشیں جاری ہیں‘ فاروق ستار
کراچی (خصوصی رپورٹر) سربراہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے ملک بھر کے حق پرست عوام سے اپیل کی ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کو انتخابی عمل سے باہر رکھنے کی سازشیں جاری ہیں لیکن ہم ایسی ہر سازش کو اپنے اتحاد سے ناکام بنا سکتے ہیں ۔وقت کی سب سے اہم ضرورت یہ ہے کہ حق پرست عوام الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے قائم کردہ ڈسپلے سینٹرز پر رابطہ کر کے ووٹر لسٹوں میں اپنا نام و پتہ دیکھیں اور نہ ہونے کی صورت میں ووٹر لسٹ میں اپنا اندراج کرائیں۔ ووٹر لسٹ میں اگر نام ‘ ووٹ‘ پتہ اور پولنگ اسٹیشن کا اندراج درست نہیں ہے تو اس کو درست کرائیں۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن پاکستان کے ڈسپلے سینٹرز پر 2 4اپریل تک روزانہ کی بنیاد پر ووٹ کے اندراج ‘اخراج اور درستگی کا عمل جاری ہے اور 24 اپریل اندراج کی آخری تاریخ ہے لہٰذا حق پرست عوام سے اپیل ہے کہ وہ ووٹر لسٹوں میں اپنے ووٹ کا اندراج ضرور کرائیں تاکہ حق پرست عوام کو اپنے ووٹ کے ذریعے اپنے حق پرست نمائندوں کو منتخب کراکے حقوق کے حصول کی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کر سکیں‘ ووٹ ایک مقدس امانت ہے ووٹ دینا ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کریں تاکہ پاکستان سے کرپٹ‘ جا گیردارنہ اور وڈیرانہ نظام کا خاتمہ ہو سکے۔ علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کراچی میں بجلی میں کمی کی ذمہ دار کے الیکٹرک ہے گزشتہ روز اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد انہوں نے کہاکہ کراچی میں بجلی کی رسد اور طلب میں فقدان کے باعث کراچی کے عوام سزا بھگت رہے ہیں‘ سوئی سدرن گیس کمپنی اور کے الیکٹرک کے درمیان ہونے والی رسہ کشی کی وجہ سے کے الیکٹرک بجلی کی طلب کو پورا کرنے میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے۔
فاروق ستار