معاشی ترقی میں خواتین کا کردار اہم ہے‘ جسٹس عقیل عباسی
کراچی (کلچرل رپورٹر) جسٹس ہیلپ لائن اور آرٹس کونسل کراچی کے تحت پہلی ویمن لاء کانفرنس کا انعقاد‘ سندھ ہائی کورٹ کے ججز‘ بار عہدیداران‘ خواتین ججز اور وکالت و دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین و طالبات کی بھرپور شرکت۔ مقررین نے خواتین کو پیشہ وارانہ زندگی میں امپاورمنٹ اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے خواتین کو قانون کی تعلیم حاصل کرنا لازماً قرار دیا۔ جسٹس ہیلپ لائن اور آرٹس کونسل کے تحت پہلی ویمن لاء کانفرنس آرٹس کونسل آڈیٹوریم میں ہوئی‘ مہمان خصوصی سندھ ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس عقیل احمد عباسی تھے جبکہ صدارت چیئرپرسن انسانی حقوق کمیشن جسٹس (ر) ماجدہ رضوی نے کی۔ تقریب میں جسٹس اشرف جہاں‘جسٹس کوثر سلطانہ‘ سرپرست جسٹس ہیلپ لائن آتم پرکاش‘ صدر ندیم شیخ ایڈووکیٹ‘ چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی و سابق صدر سندھ ہائی کورٹ کے بار ایسوسی ایشن شہاب سرکی‘ سینیٹر حسیب خان ‘ سابق صدر کراچی بار ایسوسی ایشن نعیم قریشی اور دیگر بھی شریک تھے۔ تقریب کے مہمان خصوصی سندھ ہائی کورٹ کے سینئر جج جسٹس عقیل احمد عباسی نے کہا کہ عورت ایک مکمل شخصیت ہے اس کو اسلام نے بھی بہت اعلیٰ مقام دیا ہے‘ عورت معاشی ترقی میں انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ صدر آرٹس کونسل احمد شاہ نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اعلان کیا کہ آرٹس کونسل خواتین کی ایک کانفرنس منعقد کرے گی جس میں اپنی تمام لیجنڈ اور مختلف پیشوں میں اپنا نام کمانے والی خواتین کو سراہا جائے گا۔ سرپرست جسٹس ہیلپ لائن آتم پرکاش نے کہا کہ تقریب کا مقصد خواتین کے حقوق کو فروغ دینا ہے۔
صدر جسٹس ہیلپ ندیم شیخ ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملکی تعمیر و ترقی میں خواتین کا کردار قابل ستائش ہے۔ اس موقع پر شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لاء کے وائس چانسلر جسٹس (ر) قاضی خالد‘ ڈاکٹر رحیم اعوان‘ ریحان ملک‘ حیدر امام رضوی‘ پروفیسر جی این قریشی‘ نزہت شیریں‘ اورنگزیب خان اور شہاب سرکی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ معاشرے میں کافی جگہوں پرخواتین کو کافی مسائل اور امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔