آئس لینڈ میں آتش فشاں سے اٹھنے والے دھوئیں اور گردوغبار میں کمی کے باعث زیادہ تر یورپی ممالک نے فضائی ٹریفک بحال کرنے کا اعلان کیا ہے
یورپی یونین نے ایک معاہدے کے تحت ائیر لائنز کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے ۔ یورپی یونین کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد سویڈن ، ہنگری سمیت کئی ممالک نے فضائی حدود کھول دی ہیں۔ ادھر برطانیہ ، اٹلی اور جرمنی نے مزید ایک روز کیلئے فضائی حدود بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ برطانوی حکومت نے فضائی سروس معطل ہونے کے باعث بیرون ممالک میں پھنسے ہوئے اپنے ہزاروں شہریوں کو لانے کیلئے بحریہ کے جنگی جہاز روانہ کئے ہیں۔ماہرین کا کہناہے کہ آئس لینڈ آتش فشاں سے لاوا اگلنے میں کمی کے بعد فضا بہتر ہونا شروع ہوگئی ہے تاہم صورتحال اب بھی خطرناک ہے۔