باہرکی بھیک سے نجات اور خارجہ پالیسی میں تبدیلی سے ہی ملک میں خوشحالی آسکتی ہے ۔ قاضی حسین احمد
پشاور میں گزشتہ روز خودکش حملے میں جاں بحق ہونے والے یونین کونسل شاہی باغ کے سابق ناظم حاجی دوست محمد کی نمازجنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قاضی حسین احمد کا کہنا تھا کہ حکومت ملک کی خارجہ اور داخلہ پالیسی میں تبدیلی لائے۔ خوشحالی تب آئے گی جب اپنے پاؤں پر کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کے عوام بالکل خوفزدہ نہیں ہیں ، عوام کی بیداری ہی اس مرض کا علاج ہے۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخواہ سراج الحق نے کہا کہ ڈالروں کے عوض خون بہانا بند ہونا چاہیے۔ کراچی سے چترال اور چترال سے خیبر پختونخواہ تک آگ لگی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک حکومت امریکی اتحاد سے دستبردار نہیں ہوتی ملک میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔