ایشین گیمز ویمن ہاکی کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے لیے قومی ویمن ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں شروع ہوگیا۔
نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہونے والے تربیتی کیمپ میں اڑتالیس خواتین کھلاڑی شرکت کررہی ہیں۔ تمام کھلاڑیوں نے کیمپ کوآرڈینیٹر غزالہ طارق کو رپورٹ کردی تھی جبکہ قومی ویمن ٹیم کے کوچ جان محمد سولنگی منگل کے روز سے کیمپ کو جوائن کریں گے۔ تیئیس مئی سے بنکاک میں شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے لیے کیمپ میں تمام کھلاڑیوں کے فزیکل فٹنس ٹیسٹ لیے گئے تھے جبکہ چھبیس اپریل کو ٹرائلز کے بعد اٹھائیس لڑکیوں کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔ کیمپ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیمپ کوآرڈینیٹر غزالہ طارق نے کہا کہ ہمارے پاس ٹورنامنٹ کی تیاری کے لیے ایک مہینے سے زائد وقت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پی ایچ ایف ویمن ونگ کی نئی انتظامیہ خواتین ہاکی کی ترقی کے لیے کام کرے گی۔