
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اٹھہتر ویں اجلاس میں شرکت کیلئے نیو یارک پہنچ گئے، جہاں وہ پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔نگران وزیراعظم جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم اپنے خطاب میں جموں و کشمیر کے تنازعے سمیت مختلف علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔
مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر دیرینہ حل طلب تنازعات میں شامل ہے۔ وہ حکومت کی طرف سے معیشت کی بحالی کے اقدامات اور اندرونی اور بیرونی سرمایہ کاری میں تیزی لانے کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالیں گے۔نیو یارک میں اپنے قیام کے دوران وزیراعظم عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ وہ موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں ایک اہم کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔وزیراعظم عالمی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بھی بات چیت کریں گے اور ممتاز امریکی تھنک ٹینکس کا دورہ کریں گے۔
قبل ازیں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہاہے کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر سے متعلق پاکستان کاموقف بھرپوراندازمیں پیش کریں گے۔اس عزم کااظہارانہوں نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے اٹھہترویں اجلاس میں شرکت کیلئے امریکہ روانگی سے قبل ایک نجی ٹیلی ویژن چینل کودیئے گئے انٹرویو میں کیا۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ نے پہلے ہی کشمیر کے متنازعہ علاقے کی قسمت کافیصلہ رائے شماری سے کرانے کاوعدہ کیاہواہے۔