ہائیکورٹ: پاسپورٹ میں شوہر کی جگہ والد کا نام درج کرنے کا معاملہ‘ حکومت سے جواب طلب
لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے شوہر کے بجائے والد کا نام پاسپورٹ میں درج کرنے کی اجازت نہ دینے کی پالیسی کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت اور ڈی جی پاسپورٹ سے جواب طلب کر لیا۔ بیرسٹر خدیجہ یاسمین نے موقف اپنایا کہ درخواست گزار نے ضروری کام کے سلسلے میں بیرون ملک سفر کرنا ہے، شوہر نے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ میں والد کا نام برقرار رکھنے کی اجازت دی، حکام نے شوہر کی بجائے والد کے نام کے ساتھ پاسپورٹ جاری کرنے سے انکار کردیا، آئین پاکستان کسی بھی شہری کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرتا ہے، پاسپورٹ میں شوہر یا والد کا نام درج کرانا درخواست گزار کا حق ہے، عدالت والد کے نام کے ساتھ پاسپورٹ جاری کرنے کا حکم دے، عدالت پاسپورٹ حکام کی خلاف آئین پالیسی کو کالعدم قرار دے۔