حکومت کا آئی پی پیز معاہدے قومی خزانے پر بھاری پڑنے کا اعتراف
اسلام آباد(نا مہ نگار)حکومت نے آئی پی پیز سے کیے گئے معاہدے قومی خزانے پر بھاری پڑنے کا اعتراف کر لیا۔ سیکرٹری پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ ڈالر ریٹ بڑھنے اور روپے کی بے قدری کی وجہ سے کپیسٹی پیمنٹس بھی دوگنا ہو گئی ہیں۔ سیکرٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا ہے کہ ڈالر کی قدر بڑھے سے کپیسٹی پیمنٹس بھی دوگنا ہوچکی ہیں۔اور بیرونی فنڈڈ پاور پلانٹس کی کپیسٹی پیمنٹس میں ایک سو پینتالیس فیصد کا اضافہ ہوگیا جبکہ مقامی فیول سے چلنے والے پاور پلانٹس کی کپیسٹی پیمنٹ شرح میں ساٹھ فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاور پلانٹس کی کپیسٹی پیمنٹس بڑھ کر اکیس سو باون ارب روپے تک پہنچ چکی ہیں۔ بجلی کے نرخوں میں انیس روپے فی یونٹس کپیسٹی پیمنٹس شامل ہیں۔ متبادل توانائی پاور پلانٹس کی کپیسٹی پیمنٹس دوسوساٹھ ارب روپے ہے۔ راشد لنگڑیال کے مطابق ایٹمی بجلی گھروں کی کپیسٹی پیمنٹس پانچ سو دس ارب ،ایل این جی پاور پلانٹس کی کپیسٹی پیمنٹس ایک سو انتالیس ارب جبکہ کوئلے کے پاور پلانٹس کی کپیسٹی پیمنٹس چھ سو تینتالیس ارب روپے ہے۔