سٹاک مارکیٹ میں تیزی کے باوجود سرمائے میں 9 ارب روپے کی کمی
کراچی (کامرس رپورٹر) اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود برقرار رکھنے کے فیصلہ کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو کاروباری ہفتہ کے آغاز پر معمولی تیزی رہی،تاہم پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافے اور مہنگائی کی شرح مزید بڑھنے کے خدشات کے باعث سرمایہ کاروں میں بے اطمینانی دیکھی گئی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں 49پوائنٹس کا اضافے کے بعد 45753پوائنٹس سے بڑھ کر 45803پوائنٹس پرآ گیا،کے ایس ای30انڈیکس 20پوائنٹس اضافے سے 16112پوائنٹس کا ہو گیا، آل شیئرز انڈیکس22پوائنٹس اضافہ سے 30472پوائنٹس سے بڑھ کر30495پوائنٹس پر آگیا جبکہ کے ایم آئی30انڈیکس 22پوائنٹس اضافہ سے77503پوائنٹس تک آگیا۔ حصص کی فروخت کے دباو¿ کے باعث گزشتہ روز مارکیٹ کے سرمائے میں 9ارب روپے کی کمی دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 67کھرب72ارب روپے سے گھٹ کر 67کھرب 63ارب روپے ہو گیا۔ گزشتہ روز3ارب روپے مالیت کے10کروڑ سے زائد حصص کا لین دین ہوا۔ مجموعی طور پر 308کمپنیوں کا کاروبارہوا‘133کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،145میں کمی اور30کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں۔