عوام کے مجرموں کو معاف نہیں کرنا چاہئے: نواز شریف

لندن ،لاہور(فرحان میر سے،نمائندہ خصوصی، نوائے وقت رپورٹ)قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ مشکل وقت میں حکومت سنبھال کر ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا اب وقت آ گیا ہے ملک کیساتھ کھیلنے اور ملک کو تباہ کرنیوالوں کا احتساب کرنا ہو گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں واقع دفتر میں کارکنوں اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سابق وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف،سابق گورنر سندھ محمد زبیر،مرکزی قائدین عابد شیر علی،ملک محمد احمد خان،عطا تارڑ،احسن ڈار، بیوروچیف نوائے وقت فرحان میر ذیشان میر و دیگر بھی موجود تھے۔ میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ ہمیں انتقام کی کوئی خواہش نہیں، کسی بدلے کی تمنا نہیں ہے، ان مجرموں کو چھوڑنا بہت بڑا ظلم ہوگا، یہ لوگ قابلِ معافی نہیں۔جب ہماری حکومت تھی ہم نے ڈالر کو تین سال کیلئے 205 روپے پر لاک کئے رکھا ۔ قوم کو جاگنا ہو گا میں روایتی سیاست نہیں کرنا چاہتا اب عوام مختلف نواز شریف سے ملیں گے ۔پاکستان میرا ملک ہے اور مجھے وہاں جانے سے کوئی نہیں روک سکتا ،کارکن الیکشن کی تیاریاں کریں 21اکتوبر کو وطن واپس پہنچوں گا ۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ملک کو ڈیفالٹ سے نہ بچاتی تو آج ملک میں پیٹرول ایک ہزار روپے لیٹر ہوتا، اپنا سیاسی سرمایہ داو¿ پر لگا کر پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا ہے۔پارٹی کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ کوئی زخمی سڑک پر پڑا ہو تو کیا اسے نہیں بچانا چاہیے؟ اسی طرح ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا۔جو شخص ملک کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلاتا ہے، چار جج بیٹھ کر کروڑوں عوام کے مینڈیٹ والے وزیراعظم کو گھر بھیج دیتے ہیں۔ملک کو اس حال تک پہنچانے والے کیفر کردار کو پہنچیں گے۔مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ عوام پاناما اور اقامہ کے ڈرامہ سازوں کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیں گے۔لاہور کے مقامی ہوٹل میں مریم نواز کی زیر صدارت ن لیگ پنجاب کا مشاورتی اجلاس ہوا۔ن لیگی چیف آرگنائزر نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق تیاریوں پر بریفنگ دی۔21 اکتوبر کو عوام نواز شریف کا تاریخ استقبال کرکے پاناما اور اقامہ کے ڈرامہ سازوں کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیں گے۔سابق وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے زخم کھا کر بھی پاکستان کے زخموں پر مرہم رکھا ہے، ن لیگی قائد ہی نے اسے ایٹمی ملک بنایا ہے۔نواز شریف کو وزیراعظم بناکر عوام اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنائیں گے۔نواز شریف کے وزیراعظم بننے کا مطلب مہنگائی کا عذاب کم کرنا ہے، ن لیگی قائد کا استقبا ل کرکے ترقی اور خوشحالی کو خوش آمدید کہیں گے۔