پہلے کوویڈ19 ٹیسٹ منفی آنے کے بعد چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کےتمام کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کے دوسرے کوویڈ19 ٹیسٹ بھی منفی آئے ہیں
لاہور( سپورٹس رپورٹر ) پہلے کوویڈ19 ٹیسٹ منفی آنے کے بعد چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کےتمام کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کے دوسرے کوویڈ19 ٹیسٹ بھی منفی آئے ہیں۔ مسلسل 2 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعد اب یہ تمام کھلاڑی اور سپورٹ سٹاف نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے لیے ملتان میں بنائے گئے بائیو سیکیور ببل کا حصہ بن جائیں گے، جہاں انہیں آپس میں ملنے جلنے کی مکمل آزادی ہوگی۔ اٹھارہ ستمبر کو لیے گئے دوسرے کوویڈ19 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعد مریدکے کنٹری کلب لاہور کے سنٹرل اسٹیشن پر موجود بلوچستان اور سندھ کے سکواڈز ملتان کے رمادا ہوٹل پہنچ جائیں گے، جہاں وہ 30 ستمبر سے شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کی تیاریوں کا آغاز کریں گے۔اُدھر سنٹرل پنجاب، خیبرپختونخوا، ناردرن اور سدرن پنجاب کے اسکواڈز پہلے سے ہی ملتان میں موجود ہیں۔ دونوں ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعدچھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے فرسٹ الیون سکواڈز میں شامل کرکٹرز اور اسپورٹ اسٹاف اب 20 ستمبر سے اپنی ٹریننگ اور نیٹ پریکٹس کا آغازکردیں گے۔ کوویڈ19 پروٹوکولز اور مختلف اوقات کار کی وجہ سے ان سکواڈز کی ٹریننگ کے لیے 2 وینیوز بنائے گئے ہیں۔ ان وینیوز میں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم اور انضمام الحق ہائی پرفارمنس سنٹرشامل ہیں۔ تاہم سنٹرل پنجاب کے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے چند روز تاخیر سے بائیو سیکیور ببل جوائن کرنے کی درخواست کی تھی۔ کامران اکمل کا دوسرا کوویڈ19 ٹیسٹ 23 ستمبر کو ہوگا، جس کی رپورٹ منفی آنے پر انہیں ملتان میں بنائے گئے بائیو سیکیور ببل جوائن کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس سے قبل دیگر 102 کھلاڑیوں کی طرح کامران اکمل کے پہلے ٹیسٹ کی رپورٹ بھی منفی آئی تھی۔ دوسری جانب کوویڈ19 کے پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرنے پر بلوچستان کے ہیڈ کوچ فیصل اقبال اور اسسٹنٹ کوچ وسیم حیدراب مزید 5 روز کنٹری کلب مریدکے میں سیلف آئسولیشن میں رہیں گے۔ اس دوران ان دونوں کوچز کے 2کوویڈ19 ٹیسٹ ہوں گے، جس کی رپورٹ منفی آنے پر انہیں بائیو سیکیور ببل میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ کوویڈ19 پروٹوکولز کی خلاف ورزی کے بعد ان دونوں کوویڈ19 ٹیسٹ کے اخراجات فیصل اقبال اور وسیم حیدر کو خود برداشت کرنے ہوں گے۔