کرپشن کا پیسہ تعلیم پر خرچ کرنے پر غور
وزیراعظم عمران خان نے ہری پور میں پاک آسٹریا فیکوچ شولے انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کا افتتاح کرنے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کرپٹ لوگوں سے پیسہ نکلوا کر تعلیم پر خرچ کرنے کیلئے قانون سازی کا سوچ رہی ہے۔
پاکستان باصلاحیت نوجوانوں سے مالا مال ہے جو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ ملکی ترقی کیلئے سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں آگے بڑھنا وقت کی ضرورت ہے۔پاکستان وسائل سے بھی معمور ملک ہے مگر اس کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیا ہے۔آج پاکستان اسی سبب قرضوں میں بھی جکڑا ہوا ہے اور بہت سے امور کیلئے وسائل ہی دستیاب نہیں ہوتے۔تعلیم اور صحت کو ہر معاملے پر ترجیح کی ضرورت ہے۔ بات پھر وسائل کی آجاتی ہے۔تحریک انصاف حکومت کرپشن کے خاتمے اور کڑے احتساب پر یقین رکھتی اور یہی اس کا اول و آخر ایجنڈا ہے جس سے کسی طور وہ پسپائی کیلئے آمادہ نہیں۔وزیراعظم اگر کہتے ہیں کہ کرپٹ لوگوں سے پیسہ نکلوا کر تعلیم پر خرچ کرنے کیلئے قانون سازی کا سوچ رہے ہیں تو وہ اس کو یقینی بھی بنائیں گے۔اس کیلئے انہیں قوم اور اداروں کی مکمل حمایت حاصل ہوگی۔ اس سے صحت اور تعلیم کے شعبوں کو وہی مقام مل سکے گا جو وقت اورحالات کا تقاضا ہے۔