محمد حنیف عباسی کے منجمد اثاثے بحال کرنے کی درخواست کی سماعت 7اکتوبر تک ملتوی
راولپنڈی(جنرل رپورٹر) انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج سردار محمد اکرم خان کے رخصت پر ہونے کے باعث سپیشل جج کسٹم نے بطور ڈیوٹی جج سابق ایم این اے اور مسلم لیگ(ن) کے رہنما محمد حنیف عباسی کے منجمد اثاثے بحال کرنے کی درخواست پر سماعت مزید کارروائی کیلئے 7اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے، محمد حنیف عباسی کے اثاثے اے این ایف کی جانب سے دائر درخواست پر عدالت نے منجمد کر دیئے تھے جن کو بحال کرنے کیلئے محمد حنیف عباسی درخواست دائر کر رکھی ہے جس کی سماعت ہورہی ہے۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج محمد اصغر خان نے تحریک لبیک پاکستان کے کارکنوں کے کیس کی سماعت مزید کارروائی کیلئے آئندہ تاریخ پیشی تک ملتوی کردی ہے، گزشتہ روز عدالت نے تھانہ پنڈی گھیب میں درج اقدام قتل اور کا رسرکار میں مداخلت کے مقدمے میں ملوث تحریک لبیک پاکستان کے کارکنوں امیر حسین وغیرہ کیس کی سماعت 9اکتوبرتک ملتوی کر دی ہے۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج عبدالرحیم نے پولیس مقابلہ، قتل اور اغواء برائے تاوان کیسوں کی سماعت ملتوی کر دی ہے، گزشتہ روز عدالت نے تھانہ سول لائن میں درج اغواء برائے تاوان کے مقدمے میں ملوث ملزمان اظہر شاہ وغیرہ کیس کی سماعت 19ستمبر، تھانہ نیوٹائون میں درج پولیس مقابلہ اور قتل کے مقدمے میں ملوث ملزم واحد خان کیس کی سماعت 19ستمبر جبکہ تھانہ صدر بیرونی میں درج قتل کے مقدمے میں ملوث ملزم ارشد بھٹی کیس کی سماعت 19ستمبر تک ملتوی کر دی ہے۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج سلیمان بیگ نے بھتہ خوری کیس کی سماعت ملتوی کر دی ہے،گزشتہ روز عدالت نے تھانہ مری میں درج بھتہ خوری کے مقدمے میں ملوث ملزمان عبدالباسدط وغیرہ کیس کی سماعت 26ستمبر تک ملتوی کر دی ہے۔