عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی حکومت کا مشن ہے: اسلم اقبال
لاہور (کلچرل رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔ سیکرٹری اطلاعات وثقافت راجہ جہانگیرانور، چیئرمین بورڈ اورمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی جانب سے سرکاری اداروں میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہتر سے بہتر خدمات کی فراہمی پی ٹی آئی حکومت کا مشن ہے اوریہ مقصد سرکاری اداروں میںجدید ٹیکنالوجی کو فروغ دے کر ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر تعلیم، صحت، امن عامہ اور سوشل سیکٹر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے انقلابی اصلاحات لائی گئی ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر کا فروغ پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت نے سٹیٹ آف آرٹ آئی ٹی پارک کے قیام کی بھی منصوبہ بندی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔