ملک کی معاشی ترقی میں تاجر برادری کا کردار بہت اہم ہے: صدر عارف علوی
لاہور (کامرس رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی ترقی میں تاجر برادری کا کردار بہت اہم ہے، حکومت بہترین کاروباری ماحول مہیا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر اچیومنٹ ایوارڈز 2019کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر، نائب صدر فہیم الرحمن سہگل، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران سابق عہدیداران اور اعلی حکومتی شخصیات تقریب میں موجود تھیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے کاروباری برادری کا فعال کردار بہت اہمیت رکھتا ہے، معاشی اہداف کے حصول کے لیے انہیں حکومت کی مدد کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی بحالی و ترقی کے لیے طویل المدت اور قلیل المدت اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے اچیومنٹ ایوارڈز کی تقریب مستقل بنیادوں پر منعقد کرنے پر لاہور چیمبر کو سراہتے ہوئے کہا کہ تاجروں کی حوصلہ افزائی کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر تمام شعبہ ہائے زندگی میں بہترین کردار ادا کررہا ہے، انہوں نے وزیراعظم کی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے سلسلے میں بھی لاہور چیمبر کو خراج تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ معاشی اہداف حاصل کرنے کے لیے پبلک اور پرائیویٹ پارٹنرشپ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تاجر برادری کو بہترین کاروباری ماحول مہیا کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے گی۔ لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر نے اپنے خطاب کے دوران صنعت و تجارت اور معیشت کے مسائل پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ گروتھ ریٹ کا ٹارگٹ حاصل کرنے کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور ریونیو بڑھانے کی ضرورت ہے، اس کے لیے ضروری ہے کہ تاجر برادری کی خدمات کابھرپور طریقے سے اعتراف کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور چیمبر کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے سلسلے میں ایک لاکھ پودے فراہم کررہا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے تمام ایوارڈ ونرز کو ایوارڈز حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ بعد ازاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایوارڈ ونرز میں انعامات تقسیم کیے۔
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) اقوام متحدہ کی بہبود آبادی کی کنٹری ڈائریکٹر مس لینا محمود موسیٰ نے گذشتہ روز ایوان صدر میں صدر ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔ صدر نے اقوام متحدہ کی بہبود آبادی کی کنٹری ڈائریکٹر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان آبادی میں تیز رفتار اضافے کو روکنے کیلئے کوشاں ہے۔ حکومت اس مقصد کے حصول کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کو سٹیک ہولڈر بنانا چاہتی ہے۔ صدر نے کہا کہ میں نے اسلامی نظریاتی کونسل کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے پلیٹ فارم سے خواتین کی صحت، غذائیت اور وراثتی حقوق کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان ان ملکوں کی پالیسی اور حکمت عملی سے استفادہ کرنا چاہتا ہے جو بڑھتی آبادی پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔