چیف ٹریفک آفیسر لاہور کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک نے ٹرانسپوٹررز،ہاکروں اور ٹرکوں سے منتھلی لینے کا الزام ثابت ہونے پر 8ٹریفک وارڈنز اور ایک ڈرائیور کانسٹبل کو نوکری سے برخاست کر دیا جبکہ دوران انکوائری ریٹائر ہونے والے انسپکٹر سلطان ظفر کیخلاف بھی مقدمہ درج کرنے کے احکامات صادر کر دیئے گئے۔تفصیلات کے مطابق 09-06-2017کو رات کے وقت دوران پٹرولنگ ٹریفک وارڈن اسد نے ٹریفک وارڈن کی وردی میں ملبوس شخص اعظم ولد شیر بہادر اور اس کے تین ساتھیوں اظہر،یاسین اور عمران کو بابوصابو چوک میں ہیوی ٹریفک سے پیسے لیتے ہوئے رنگے گرفتار کروایا۔ملزمان کیخلاف تھانہ شیراکوٹ میں مقدمہ نمبر470/17زیر دفعہ420/170/171ت پ درج کروایا گیا۔سی ٹی او کی ہدایت پر سی آئی اے نواں کوٹ نے ملزمان سے تفتیش کی ۔ زیر حراست ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کہ وہ انسپکٹر سلطان ظفر،ٹریفک وارڈنز جنید3214،محمد ہارون2216،محمد اکرم2562،صغیر احمد2678،شوکت علی3203،محمد عمران1220،شاہد اقبال1703،ابوبکر2732 اور ڈرائیور کانسٹبل لیاقت کیساتھ مل کر ٹرانسپورٹر،ہاکروں اور ہیوی ٹریفک سے منتھلیاں لیتے ہیں۔ جس پر چیف ٹریفک آفیسر لاہور نے انسپکٹرز اور ٹریفک وارڈنز کیخلاف ڈی ایس پی سٹی محمد نوید کو انکوائری آفیسر مقرر کیا۔ ڈی ایس پی ٹریفک سٹی سرکل محمد نوید نے دوران انکوائری انسپکٹر سمیت تمام ٹریفک وارڈنز اور کانسٹبل کو قصوروار ٹھہرایا،جس پر انسپکٹر سلطان ظفر سی سی پی او لاہور کے پیش ہو گیا اور ڈی ایس پی ٹریفک سٹی سرکل محمد نوید کیخلاف تحفظات ظاہر کئے۔بعدازاں ایس ایس پی ڈسپلن اینڈ انسپکیشن طارق عزیر نے انکوائری کی اورتمام اہلکاروں کو قصوروار ٹھہرایا۔ملزمان کیخلاف الزامات درست ثابت ہونے پرچیف ٹریفک آفیسر لاہورکیپٹن(ر)لیاقت علی ملک نے 8ٹریفک وارڈنز اور ایک ڈرائیور کانسٹبل کو نوکری سے برخاست کر دیا۔جبکہ دوران انکوائری ریٹائرڈ ہونے والے انسپکٹر سلطان ظفر کیخلاف سخت قانوناکارروائی اورمقدمہ درج کرنے کے احکامات بھی جاری کردئے گئے ہیں۔
اس حوالے سے چیف ٹریفک آفیسر لاہور کا کہنا ہے کہ کرپشن،اختیارات سے تجاوز اور شہریوں سے نارواسلوک کرنے والوں کی محکمہ میں کوئی گنجائش نہیں۔کرپشن کرنے والے اہلکاروں کو نشان عبرت بنایا جا رہا ہے۔
یاد رہےنوکری سے برخاست ہونے والا ٹریفک وارڈن ہارون2216 کو اس سے پہلے بھی کرپشن چارجز پر 4مرتبہ نوکری سے برخاست کیا گیا،
ٹریفک وارڈن ابوبکر2732کو کرپشن اور شہریوں سے نارواسلوک سے2مرتبہ نوکری سے برخاست کیا گیا ،ٹریفک وارڈن شوکت3203کو ایک مرتبہ کرپشن کر نے سے نوکری سے برخاست کیا گیا،جبکہ ریٹائرڈ ہونے والا انسپکٹر سلطان ظفر کاشمار کرپٹ ترین اہلکاروں میں ہوتا رہا۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024