وزیراعظم عمران خان کا 2 روزہ سعودی عرب کا سرکاری دورہ،مدینہ منورہ کی سرزمین پر بغیر جوتوں سے آمد
ریاض: وزیراعظم 2 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔ عمران خان نے عمرہ کی ادائیگی مکمل کر لی۔ بیت اللہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا۔وزیراعظم عمران خان نے مدینہ منورہ کی سرزمین پر قدم رکھنے سے پہلے ہی اپنے جوتے اتاردیئے۔وزیراعظم عمران خان مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر طیارے سے نکلے تو انہوں نے جوتے نہیں پہن رکھے تھے وہ ننگے پاؤں ہی ایئرپورٹ کے لاؤنج تک گئے۔یہاں تک کہ لاؤنج میں سعودی حکام کے ساتھ چلتے ہوئے جو تصاویر منظر عام پر آئیں ان میں دیگر افراد نے جوتے پہن رکھے ہیں جب کہ وزیراعظم عمران خان ننگے پاؤں چل رہے ہیں۔وزیراعظم کے سعودی عرب پہنچنے پر مدینہ منورہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے ان کااستقبال کیا۔
ٹی وی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے مدینہ منورہ کی سرزمین پر اترتے ہی جوتے اتار دیئے، عمران خان جوتوں کے بغیر جہاز سے باہر آئے اور گورنر سے ملاقات میں بھی جوتے نہیں پہنے۔ وزیراعظم نے وفد کے ہمراہ روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی، وفد کے لیے روضہ رسول ﷺ کے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے۔ وزیر اعظم اور وفد نے ریاض الجنہ میں نماز مغرب اور نوافل ادا کیے، جس کے بعد وزیراعظم عمران خان وفد کے ہمرا ہ جدہ روانہ ہوگئے۔
وزیراعظم سعودی فرمانروا شاہ سلمان سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ سعودی فرمانروا وزیراعظم عمران خان کے اعزازمیں عشائیہ دیں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کریں گے۔ واضح رہے سعودی فرمانرواشاہ سلمان نے وزیراعظم کو دورے کی دعوت دی تھی۔