مقدمہ قتل میں نامزد خاتون سمیت 2 ملزمان کی درخواست قبل از گرفتاری خارج
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ایندڈ سیشن جج راولپنڈی راجہ اجمل نے قتل کے مقدمہ میں نامزد خاتون سمیت2ملزمان کی درخواست قبل از گرفتاری خارج کر دی جنھیں پولیس نے کمرہ عدالت سے گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا ۔تھانہ آر اے بازار پولیس نے مقدمہ میں نامزد ملزمہ نسیم اختر اور خرم لیاقت پر نسیم اختر کے شوہر کے قتل کے الزام میں مقدمہ نمبر266درج کر رکھا ہے ۔منگل کو ملزمان کی جانب سے دائر ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست کی سماعت کے موقع پرمدعی مقدمہ کی وکیل نبیلہ شاہین بنگش نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ملزمہ کے شوہر کے قتل سے پہلے کسی سے ناجائز تعلقات تھے جس کی مبینہ ملی بھگت سے اس نے21ستمبر2009کو اپنے شوہر کو قتل کیا اور بعد ازاں اپنے آشنا کے پاس ملائشیا چلی گئی جس کا ثبوت ملزمہ کے موبائل فون کا ڈیٹا ہے دوسری جانب ملزمان کے وکیل راجہ بشارت اللہ خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کی موکلہ پر جھوٹا الزام عائد کیا گیا ہے موبائل ڈیٹا ان کی موکلہ کے فون کا نہیں ہے جس پر عدالت نے مدعی کی وکیل کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے دونوں ملزمان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کر دی جنھیں گرفتار کر کے سینٹرل جیل اڈیالہ منتقل کر دیا گیا ۔