این اے 60 کا انتحابی معرکہ: جماعت اسلامی کی حمایت حاصل کرنے کیلئے تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن سرگرم
راولپنڈی (سلطان سکندر) این اے 60 میں جماعت اسلامی کا امیدوار کھڑا نہ ہونے کے باعث پی ٹی آئی کے امیدوار شیخ راشد شفیق اورمسلم لیگ (ن) کے امیدوار سجاد خان کی حمایت حاصل کرنے کے لئے جماعت اسلامی کی مقامی قیادت کے ساتھ رابطوں میں تیزی آگئی ہے اور جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ آفس واقع سید مودودیؒ بلڈنگ ان رابطوں اور سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ہے۔ جہاں وزیر ریلوے اور عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد اور ممتاز مسلم لیگی رہنما سینیٹر چودھری تنویر خان‘ سردار محمد نسیم خان اور سجاد خان کی قیادت میں مسلم لیگ ن کے بھاری بھر کم وفد نے جماعت اسلامی کی قیادت سے یکے بعد دیگرے تفصیلی ملاقاتیں کی ہیں۔ان رابطوں اور ملاقاتوں میں 25جولائی کے الیکشن میں پی پی C-17 میں 8ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرنے والی جماعت اسلامی کے نائب امیر رضا احمد شاہ اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔باخبر ذرائع کے مطابق سینٹر چودھری تنویر خان نے جماعت اسلامی کو آئندہ بلدیاتی الیکشن مل کر لڑنے کی پیشکش کی ہے جبکہ جماعت اسلامی کے رہنماؤں سید عارف شیرازی اور رضا احمد شاہ نے شیخ رشید اور مسلم لیگ ن کے وفد پر واضح کردیا ہے کہ ان کی انتخابی حمایت بارے لائحہ عمل کا فیصلہ جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ کی مجلس شوریٰ کے بعد بالائی نظم یعنی صوبائی اور مرکزی قیادتیں کریں گی۔شیخ رشید احمد نے جماعت اسلامی کی قیادت سے کہا کہ وہ شیخ راشد شفیق کی حمایت کی بڑی امید لے کر آئے ہیں۔ اس لئے جماعت اسلامی اس بارے میں جلد فیصلہ کرے۔ جماعت اسلامی کی طرف سے سٹی ڈسٹرکٹ کے امیر سید عارف شیرازی سابق صوبائی امیدواروں رضا احمد شاہ‘ حنیف چودھری‘ تاج محمد عباسی جنرل سیکرٹری ضیاء اﷲ چوہان‘ سید عذیر حامد‘ ہارون الرشید‘ شیخ امجد‘ مولانا عبدالجلیل نقشبندی‘ ملک محمد اعظم نے گفت و شنید میں شرکت کی جبکہ مسلم لیگ ن کے وفد میں چودھری تنویر خان سردار محمد نسیم‘ سجاد خان‘ ملک ابرار احمد‘ حاجی پرویز خان‘ ضیاء اﷲ شاہ‘ راجہ محمد حنیف‘ حافظ فاروق خٹک‘ فخر وڑائچ شامل تھے۔