پی ٹی آئی حکومت کا اپوزیشن کیساتھ بہتر تعلقات کار کا اصولی فیصلہ
اسلام آباد (محمد نواز رضا) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ عمران خان حکومت نے پارلیمنٹ کی کارروائی ’’پرامن‘‘ طور پر چلانے کیلئے اپوزیشن سے بہتر ’’تعلقات کار‘‘ کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ تحریک انصاف کے ’’ہارڈ لائنز‘‘ کو ’’پسپائی‘‘ اختیارکرنا پڑ رہی ہے۔’’ہارڈ لائنرز‘‘ پارلیمانی کمیٹی کے قیام کی مخالفت کر رہے تھے لیکن سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے حکومت پر واضح کر دیا ہے کہ اگر پارلیمنٹ کی کارروائی پرامن ماحول میں چلانی ہے تو اپوزیشن کا مطالبہ تسلیم کرنا پڑے گا۔ منگل کو خصوصی کمیٹی کے قیام پر اپوزیشن کے سخت طرز عمل کے سامنے حکومت نے نرم رویہ اختیارکر کیا۔ ایاز صادق‘ رانا تنویر‘ ایم ایم اے کے مولانا عبدالواسع اور پیپلزپارٹی کے سید نوید قمر کی تحریک انصاف کے رہنماؤں شفقت محمود اور علی محمد خان کے درمیان مذاکرات میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی شرکت غیرمعمولی اہمیت کی حامل تھی۔ وزیراعظم عمران خان نے خصوصی کمیٹی میں اپوزیشن کو حکومت کے برابر نمائندگی دینے پر آمادگی کا اظہار کرکے مذاکرات کو ناکامی سے بچا لیا۔